بھٹکل:13؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)جالی پٹن پنچایت کےانتخابات ختم ہوکر ایک سال ہورہاہےلیکن ابھی تک ایگزیکٹیو کمیٹی کی تشکیل نہیں ہوئی ہے، عوامی مسائل پر توجہ دینے کےلئے فوری طورپر صدر، نائب صدر کے انتخابات منعقد کرنے کا جالی پٹن پنچایت کی ممبر شاہینہ شیخ نے مطالبہ کیا ہے۔
پنچایت کی ممبر شاہینہ نے متعلقہ مطالبہ کو لےکر ضلع نگراں کار وزیر کوٹاشری نواس پجاری کو میمورنڈم سونپا ۔ انہوں نے کہا ہےکہ پنچایت کے وارڈ نمبر 4میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہےہیں، سرکارکی طرف سے منظور ہونے والا فنڈ مناسب طریقے سےوارڈوں کو تقسیم نہیں کیا جارہاہے، متعلقہ وارڈ سے منتخب ہوکر مجھے 9مہینے گزر چکے ہیں ، میں جس وارڈ سے منتخب ہوئی ہوں اس علاقے میں پانی، پاکی صفائی ، سڑکوں کے مسائل بھرے پڑے ہیں، مجھے ابھی تک میرے وارڈ کے مسائل حل کرنا ممکن نہیں ہوپارہاہے، میرا احساس ہے کہ پنچایت کے دیگر ممبران کی بھی یہی حالت ہوگی۔ کوئی بھی حکومتی ادارہ ہوکہ شعبہ ، انتخابات ہونے کے ایک سال تک بھی ایگزیکٹیو کمیٹی کی تشکیل نہیں ہونا بہت افسوس کی بات ہے۔ اس کے متعلق رکن اسمبلی اور عوامی نمائندوں کا توجہ نہ دینا بہت بڑی ناانصافی ہے۔ انہوں نے متعلقہ مسئلہ کولےکر سرکارپر دباؤ بنانے کی مانگ کی۔